ایودھیا صرف ایک شہر نہیں بلکہ انسانی تہذیب اور شعور کا سرچشمہ ہے؛لیفٹیننٹ گورنر کی آٹھویں ایودھیا پرو میں شرکت،
عمارت ڈیسک
نئی دہلی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نئی دہلی میں منعقدہ آٹھویں ایودھیا پرو میں شرکت کرتے ہوئے ایودھیا کی تہذیبی، روحانی اور عالمی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایودھیا صرف ایک شہر نہیں بلکہ انسانی تہذیب اور شعور کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم ایودھیا کا ذکر کرتے ہیں تو دراصل ہم اس شعور کو یاد کرتے ہیں جو بھگوان رام کی تعلیمات سے جڑا ہوا ہے اور جس نے انسانی تہذیب کو معنی بخشے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایودھیا کو سمجھنا دراصل خود کو سمجھنے کے مترادف ہے، کیونکہ یہ حال کی زندہ روح اور مستقبل کی رہنمائی کرنے والا مرکز ہے۔ ان کے مطابق ایودھیا ہمیں اپنی جڑوں سے جڑے رہنے اور اخلاقی اقدار، توازن اور اصولوں کو اپنانے کا درس دیتا ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ بھگوان رام کی زندگی سچائی، فرض شناسی، قربانی اور دھرم کی اعلیٰ مثال ہے، اور دنیا کو ان اقدار سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ سچائی اور راستبازی کے راستے پر چلتے ہیں، وہ بالآخر کامیاب ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایودھیا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ترقی کا مطلب اپنی جڑوں کو چھوڑنا نہیں بلکہ صحیح سمت میں آگے بڑھنا ہے۔ موجودہ عالمی حالات میں ایودھیا ایک رہنما کے طور پر ہمارے سامنے ہے جو ہمیں توازن، ہمدردی اور خدمت کے اصول سکھاتا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایودھیا نہ صرف مذہبی اہمیت رکھتا ہے بلکہ یہ ہندوستان کی عالمی شناخت، ثقافتی تسلسل اور معاشی طاقت کا بھی ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی تہذیبی جڑوں کو محفوظ رکھتے ہوئے انہیں جدید انداز میں پیش کریں تو ہم نہ صرف ثقافتی طور پر مضبوط ہوں گے بلکہ معاشی طور پر بھی مستحکم بنیں گے۔ یہ پروگرام شری ایودھیا نیاس، اندراگاندھی نیشنل سینٹرفار دی آرٹس اور پرگیہ سنستھان کے اشتراک سے منعقد ہوا، جس میں مختلف معزز شخصیات نے شرکت کی اور ایودھیا کی تہذیبی وراثت کو اجاگر کیا۔
