چنار کور کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف، ملٹی ڈومین آپریشنز اور مشترکہ حکمتِ عملی پر زور
عمارت ڈیسک
سرینگر؍؍سی ڈی ایس جنرل انیل چوہان نے شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے حساس علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے چنار کور کی آپریشنل تیاریوں اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزارت دفاع کے مطابق جنرل انیل چوہان نے اپنے دورے کے دوران شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ سکیورٹی منظرنامے اور فوجی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور چنار کور کی پیشہ ورانہ مہارت، مربوط حکمت عملی اور اعلیٰ معیار کی تیاریوں کو سراہا۔ بارہمولہ میں انہیں مستقبل کی جنگی حکمت عملی، فورس ایپلیکیشن اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید جنگ کا انداز تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، جس کے پیش نظر روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر ملٹی ڈومین آپریشنز کو اپنانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ زمینی، فضائی، بحری، سائبر، خلائی اور علمی (کگنیٹو) شعبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور اشتراک ہی فیصلہ کن کامیابی کی ضمانت ہے۔ اس کے لیے مشترکہ تربیت، ہم آہنگ نظریات اور مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ سی ڈی ایس نے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک جامع حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی، ذہنی مضبوطی اور اجتماعی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ قومی سطح پر مربوط کوششیں اور جدید سوچ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہیں۔
اپنے خطاب کے اختتام پر جنرل چوہان نے افواج کے تمام اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ پیشہ ورانہ برتری کو برقرار رکھیں، مشترکہ حکمت عملی کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں اور مستقبل کے ہر ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے سول انتظامیہ کے نمائندوں اور مقامی معززین سے بھی ملاقات کی اور قومی تعمیر کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔
