جموں و کشمیر وقف بورڈ ملک کا پہلا ادارہ ہے جس نے ائمہ اور خطیبوں کے ماہانہ معاوضوں کو باقاعدہ تنخواہوں میں تبدیل کیا اور اس میں نمایاں اضافہ بھی کیا:ڈاکٹردرخشاں
عمارت ڈیسک
سری نگر: آل انڈیا امام آرگنائزیشن کے سربراہ عمراحمدالیاسی نے جموں و کشمیر وقف بورڈ کے مرکزی دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ کی کارکردگی اور اصلاحات کو سراہا۔ اس موقع پر وقف بورڈ کی چیئرپرسن درخشان اندرابی بھی موجود تھیں۔پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر عمر احمد الیاسی نے کہا کہ پہلگام کے افسوسناک واقعے کے بعد جموں و کشمیر میں ایک بار پھر امن اور مہمان نوازی کا ماحول بحال ہوا ہے، اور وہ سیاحوں کے لیے مقامی لوگوں کی محبت اور گرمجوشی دیکھ کر خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 کے بعد وزیر اعظم نریندرمودی کے وژن کے نتیجے میں جموں و کشمیر میں ایک نئے، پرامن اور پْرعزم دور کا آغاز ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی قیادت میں وقف بورڈ نے مثبت تبدیلیوں کا ایک متاثر کن سلسلہ شروع کیا ہے، جو وزیر اعظم کے وسیع ترقیاتی روڈ میپ کے عین مطابق ہے۔ ان کے مطابق وقف بورڈ کی کارکردگی ایک حقیقی کامیابی کی کہانی کے طور پر سامنے آئی ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے بتایا کہ جموں و کشمیر وقف بورڈ ملک کا پہلا ادارہ ہے جس نے ائمہ اور خطیبوں کے ماہانہ معاوضوں کو باقاعدہ تنخواہوں میں تبدیل کیا اور اس میں نمایاں اضافہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ ائمہ و خطیب نہ صرف نمازوں کی امامت کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ اور ہمدردی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، اسی لیے ان کی خدمات کو بہتر انداز میں تسلیم کیا گیا ہے۔
ڈاکٹر الیاسی نے وقف بورڈ کے اصلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی کی قیادت کو قابلِ تعریف قرار دیا۔پریس کانفرنس میں وقف بورڈ کے ممتاز ائمہ و خطیب اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ اشتیاق محی الدین بھی موجود تھے۔

