گوجری ادب کی عظیم شخصیت کی وفات کو قبائلی ثقافت کا بڑا نقصان قرار
عمارت ڈیسک
جموں: وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمدرانانے گوجری زبان کے نامور ادیب بابو نور محمد نور کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی پیغام میں جاوید احمد رانانے بابو نور محمد نور کو ایک عظیم اور گہری ثقافتی جڑوں کے حامل شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی زندگی گوجری بولنے والی برادری کی روایات، اقدار اور تہذیب کی حقیقی عکاس تھی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک ممتاز شاعر اور ادیب تھے جن کی تخلیقات نے انہیں قبائلی سماج میں غیر معمولی مقبولیت عطا کی۔ ان کی وفات نہ صرف ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک ذاتی صدمہ ہے بلکہ ان تمام افراد کے لیے بھی بڑا نقصان ہے جو قبائلی ثقافت اور سماجی ورثے سے وابستہ ہیں۔
وزیر نے معروف قبائلی کارکن اور کلا کیندر کے سیکرٹری داکٹر جاوید راہی سمیت سوگوار خاندان کے دیگر افراد سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے مغفرت اور بلند درجات کی دعا کی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو اس ناقابلِ تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی توفیق دے۔
