ٹھاٹھری (ڈوڈہ): پی ایم شری اسکیم کے تحت پی ایم شری گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول ٹھاٹھری ڈوڈہ میں مختلف تعلیمی، سماجی اور شعوری پروگراموں کا کامیابی کے ساتھ انعقاد کیا گیا، جن کا مقصد طالبات کی ہمہ جہت تربیت، شعور کی بیداری اور عملی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔
اس سلسلے میں حفاظت و سلامتی اور سائبر تحفظ سے متعلق بیداری کے پروگرام منعقد کیے گئے، جن میں طالبات کو ذاتی تحفظ کے اصولوں اور ڈیجیٹل دنیا میں ذمہ دارانہ رویے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

اسی طرح ایک پُرجوش یومِ کھیل کا انعقاد بھی عمل میں آیا، جس میں طالبات نے بھرپور حصہ لیا اور اپنی جسمانی صلاحیتوں اور کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔
مزید برآں میڈیا سے متعلق آگاہی پروگرام کے ذریعے طالبات کو ذرائع ابلاغ کے درست استعمال اور اس کے معاشرے پر اثرات سے روشناس کرایا گیا۔ منشیات کے مضر اثرات پر بھی خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا، جس میں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔
جمہوری اقدار کو فروغ دینے کے لیے یوتھ پارلیمنٹ (بال سنسد) کا انعقاد کیا گیا، جہاں طالبات کو اپنی آرا کے اظہار اور پارلیمانی نظام کو سمجھنے کا موقع فراہم ہوا۔

اس کے علاوہ بغیر بستہ دن بھی منایا گیا، جس کے تحت طالبات کو نصابی بوجھ سے ہٹ کر تخلیقی اور عملی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا۔
یہ تمام پروگرام پی ایم شری فنڈز کے تحت منعقد کیے گئے، جو حکومت کی جانب سے معیاری تعلیم اور طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس موقع پر اسکول کے اساتذہ اور طالبات نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور ان سرگرمیوں کو بے حد سراہا۔
